ابتدائیہ
از قلم جگر گوشۂ غزالیٔ زماں حضرت  علامہ صاحبزادہ سید ارشد سعید کاظمی
شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ انوارالعلوم ملتان


بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ط

بِحَمْدِ للّٰہ! بزمِ سعید جامعہ اسلامیہ عربیہ انوار العلوم، امام اہلسنّت غزالیٔ زماں رازیٔ دوراں شیخ الحدیث والتفسیر حضرت علامہ سید احمد سعید کاظمی نور اللہ مرقدہ کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
اور فقیر کے بھی مختلف رسائل بہت بڑی تعداد میں شائع کئے اور ان میں سے بیشتر مفت تقسیم کئے گئے۔ الحمدللّٰہ! اب بزم سعید مقالاتِ کاظمی حصہ سوم کو مزید تصحیح کے ساتھ منظر عام پر لانے کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔
ذَالِکَ فَضْلُ اللّٰہِ یُؤْتِیْہِ مَنْ یَّشَائُ
مقالاتِ کاظمی حصہ سوم جسے مکتبہ فریدیہ جناح روڈ ساہیوال نے شائع کیا تھا اُنہیں دوبارہ اس کی اشاعت سے روک دیا گیا۔ جب اس میں غور کیا گیا تو اغلاط کا احساس ہوا پھر کافی سوچ بچار کے بعد اس کو بزمِ سعید کے زیرِ اہتمام شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کی ازسرِ نو تصحیح کی جانے لگی تو یہ دیکھ کر کلیجہ منہ کو آتا تھا کہ امام اہلسنّت کی کتابوں میں ہزار ہا کتابت کی غلطیاں کی گئیں جس سے یہ احساس ہوا کہ کتنی بے پرواہی اور عدم توجہی سے مقالات کو شائع کیا گیا۔ بعض مقامات پر تو کتابت کی ایسی فحش غلطیاں دیکھنے میں آئیں کہ جن سے کئی کئی جملے بے معنی ہوکر رہ گئے اور ان کی تصحیح اصل مسوّدات کے ذریعے سے کی گئی۔ اس لئے مقالات کاظمی حصہ اول اور دوم کے بھی جملہ حقوق محفوظ کرلئے گئے۔
الغرض مقالات کاظمی حصہ سوم کی از سرِ نو تصحیح کی گئی جس میں حضرت کے مُرید اور شاگردِ خاص اور جامعہ اِسلامیہ عربیہ انوار العلوم کے فاضل مدرس قاری محمد امین سعیدی صاحب اور سابق مدرس جامعہ انوارالعلوم حضرت العلام مولانا اللہ دتہ صاحب سعیدی نے خصوصی دلچسپی لی اور اس کی پروف ریڈنگ، کتاب کی اشاعت، دِن رات کاتب کے پاس چکر لگانا، گھنٹوں کاتب کے پاس بیٹھ کر اغلاط کی تصحیح کروانا اور اشاعت کے جُملہ اُمور کو بحسن و خوبی پایۂ تکمیل تک پہنچانا یہ فاضل نوجوان مولانا محمد عبدالرزاق صاحب نقشبندی کا کارنامہ ہے جسے انہوں نے نہایت جانفشانی اور حضرت غزالیٔ زماں قدس اللہ سرّہ کے ساتھ محبت، خلوص اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے نبھایا۔
چونکہ مقالاتِ کاظمی حصہ سوم کا پہلا ایڈیشن کمیاب ہوچکا تھا اس لئے عوام اہلسنّت کے پرزوراصرار کی وجہ سے اسے جلد از جلد منظر عام پر لانے کی کوشش کی گئی وقت کی قلت کے باوجود تصحیح کی کوشش کی گئی ہے تاہم کہیں کوتاہی سرزد ہوگئی ہو تو نشاندہی فرمائیں تاکہ اگلے ایڈیشن میں اسے درست کیا جاسکے۔

فقیر سید ارشد سعید کاظمی
۱۵؍جولائی ۱۹۹۱ء بروز پیر

ہوم پیج