علم حدیث میں مشغول ہونے والوں کی اقسام

علم حدیث میں مشغول ہونے والوں کی پانچ قسمیں ہیں
(۱) طالب: وہ مبتدی ہے جو علم حدیث حاصل کرنے میں مشغول ہو۔
(۲) محدث: جو علم حدیث میں روایۃً اور درایۃً مشغول ہو نیز وہ اکثر روایات اور راویوں کے احوال پر بھی مطلع ہو۔
(۳) حافظ: وہ محدث جو ایک لاکھ حدیث کے اسانید و متون کا عالم ہو۔
(۴) حجت: جس عالم حدیث کو تین لاکھ حدیثیں یاد ہوں۔
(۵) حاکم: وہ محدث جسے جملہ احادیث مرویہ اسانید و متون کے ساتھ یاد ہوں اور  وہ راویوں کے پورے حالات جانتا ہو۔
 

بعض اقسام کتب حدیث

۱۔ صحیح ۲۔ جامع ۳۔ مسند ۴۔ معجم ۵۔ مستخرج ۶۔ مستدرک ۷۔ جزء ۸۔ مفرد ۹۔ اربعین ۱۰۔ مراسیل ۱۱۔ امالی ۱۲۔ اطراف
صحیح: وہ کتاب ہے جس میں احادیث صحیحہ کے وارد کرنے کا التزام کیا گیا ہو۔  جیسے صحیح بخاری وغیرہ جن کتب صحاح میں بعض غیر صحیح حدیثیں ہیں انہیں تغلیباً صحیح کہا جاتا ہے۔
جامع: وہ کتاب جو آٹھ قسم کی حدیثوں پر مشتمل ہو وہ اقسام ثمانیہ اس شعر میں مذکور  ہیں۔

سیر، آداب، تفسیر وعقائد
فتن، اشراط، احکام و مناقب

جیسے جامع صحیح بخاری و جامع ترمذی
سنن: وہ کتاب جس میں ابوابِ فقہیہ کی ترتیب پر احادیث احکام جمع کی جائیں  جیسے سنن ابی داؤد وغیرہ۔
مسند: وہ کتاب جس میں صحابہ کی ترتیب کے موافق احادیث ہوں۔ جیسے مسند امام احمد وغیرہ۔
معجم: وہ کتاب ہے جس میں شیوخ کی ترتیب پر احادیث ہوں جیسے معجم للطبرانی وغیرہ۔
مستخرج: وہ کتاب ہے جس میں حدیث کی کسی دوسری کتاب کی احادیث کے اثبات کے لئے احادیث جمع کی جائیں جیسے مستخرج ابی نعیم علی البخاری وغیرہ۔
مستدرک: وہ کتاب ہے جس میں حدیث کی کسی کتاب پر ایسی حدیثوں کو زائد کیا  جائے جو اس کتاب میں قابل ذکر ہونے کے باوجود مذکور نہ ہوں جیسے  مستدرک للحاکم۔
جزء: وہ کتاب ہے جس میں صرف ایک مسئلہ کی احادیث ہوں۔ جیسے جزء  القرأۃ للبخاری۔
مفرد: وہ کتاب ہے جس میں ایک شخص کی احادیث ہوں جیسے مسند ابی ہریرہ  لابراہیم بن العسکری۔
اربعین: وہ کتاب ہے جس میں چالیس حدیثیں جمع کی گئی ہوں جیسے اربعین نووی
مراسیل: وہ کتاب ہے جس میں مرسل حدیثیں جمع کی گئی ہوں جیسے مراسیل ابی داؤد
امالی: وہ کتاب ہے جس میں کسی محدث عالم کے اپنے تلامذہ کے سامنے بیان کئے  ہوئے مطالب حدیث اور اس کے نکات جمع ہوں جیسے امام حافظ ابن حجر عسقلانی
اطراف: وہ کتاب ہے جس میں کسی معین کتاب کی احادیث کے اطراف جمع کئے  گئے ہوں جیسے اطراف للمزی۔

                                                                                                     ہوم پیج