علم اصول حدیث کی بعض ضروری اصطلاحات

حدیث
جمہور محدثین کے نزدیک رسول اللہ ﷺ کا قول و فعل و تقریر حدیث ہے۔


تقریر
اس کے معنی یہ ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے سامنے یا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے زمانے میں کوئی بات کہی جائے یا کوئی کام کیا جائے اور اس کو جاننے کے باوجود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اس پر انکار نہ فرمائیں بلکہ سکوت فرما کر اس کو برقرار رکھیں۔ بعض محدثین کے نزدیک صحابی و تابعی کے قول فعل اور تقریر کو بھی حدیث کہا جاتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ، صحابی اور تابعی کے اعتبار سے حدیث کی تین قسمیں ہو گئیں۔

(۱) حدیث مرفوع وہ قول و فعل اور تقریر جو رسول اللہ ﷺ پر منتہی ہو۔
(۲) حدیث موقوف جو قول و فعل و تقریر صحابی تک پہنچے۔
(۳) حدیث مقطوع جو قول و فعل اور تقریر تابعی پر منتہی ہو۔


حدیث، اثر اور خبر
بعض محدثین کے نزدیک مرفوع اور موقوف کو حدیث کہتے ہیں اور مقطوع کو ان کے نزدیک اثر کہا جاتا ہے اور بعض اوقات حدیث مرفوع کو بھی اثر کہہ دیتے ہیں اور لفظ خبر حدیث کا مترادف (ہم معنی) ہے لیکن بعض محدثین کے نزدیک حدیث انہیں امور کو کہا جاتا ہے جو رسول اللہ ﷺ، صحابی اور تابعی سے منقول ہوں اور خبر ان کے نزدیک گزشتہ زمانہ کے تاریخی حالات اور واقعات کو کہتے ہیں۔ علم حدیث جاننے والے اور اس کی تعلیم میں شغف رکھنے والے کو محدث کہا جاتا ہے اور تاریخ و واقعات گزشتہ سے شغف رکھنے والے کو اخباری کہا جاتا ہے۔


سنت
سنت طریقہ کو کہتے ہیں اور لسان شرع میں طریقہ مسلوکہ فی الدین کا نام سنت ہے یعنی امورِ دینیہ میں اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کا جاری کیا ہوا طریقہ سنت ہے۔ خصوصاً رسول اللہ ﷺ کا طریقہ سنت نبوی کہلاتا ہے۔ محدثین صحابہ کرام اور خلفائے راشدین کے پسندیدہ طریقوں کو بھی سنت کہتے ہیں۔

سند: ناقلین ورواۃ حدیث کو سند کہتے ہیں۔ اسناد بھی سند کے معنی میں ہے  لیکن بسا اوقات ذکرِ سند کو اسناد کہا جاتا ہے۔
متن: منتہائے سند ہے۔
متصل: وہ حدیث جس کے سلسلۂ سند میں کوئی انقطاع نہ ہو۔
منقطع: وہ حدیث جس کی سند سے کوئی راوی ساقط ہو جائے۔
معضل: وہ حدیث جس کی سند سے دو یا دو سے زائد راوی پے در پے ساقط ہو گئے ہوں۔
مرسل: وہ حدیث جس میں تابعی سے اوپر کا راوی ساقط ہو۔ اسی طرح اسقاط  راوی کے ساتھ روایت کو ارسال کہتے ہیں۔
معلق: جس حدیث کی سند حذف کر دی گئی ہو یا ابتدائے سند میں کوئی راوی  مذکور نہ ہو۔

                                                                                                     ہوم پیج